مظفر پور، بہار 24/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) یہاں دھرم پور مڈل اسکول کے قریب ایک تیز رفتار بولیرو کار بے قابو ہوگئی اور اسکولی بچوں پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں نو طلبا کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جبکہ بیس بچے شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ مظفر پور ضلع کے سیتامڑھی نیشنل ہائی وے پر سنیچر کی دوپہر ایک بجے پیش آیا۔حادثے کے فوری بعد موقع واردات پر چینخ و پکار مچ گئی، حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ جبکہ مقتول بچوں کی لاشوں کو SKMCH ہسپتال روانہ کیا گیا ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلی انتظامیہ کا پورا عملہ موقع واردات پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو فوری طور پر راحت پہنچانے میں جٹ گیا۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ دھرم پور مڈل اسکول کے بچے دوپہر کو چھٹی ہونے کے بعد اسکول سے باہر نکل رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار بولیرو،کار جو سڑک پر سے گزر رہی تھی، بچوں کو روندتے ہوئے اسکول کی دیوار سے ٹکراگئی۔ مگر بعد میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع کے ڈپٹی کمشنر دھرمیندر سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ دراصل اُس وقت پیش آیا جب بچوں کو سڑک پار کروایا جارہا تھاکہ اچانک ایک کار آگئی اور بچوں سے ٹکراگئی۔ منظر اتنا خوفناک تھا کہ ہر طرف خون میں لت پت بچے دیکھے گئے اور زخموں کی وجہ سے بچوں کی چینخ پکار سنی گئی۔ حادثے کی اطلاع پھیلتے ہی مقامی لوگ فوری مدد کے لئے پہنچ گئے اور زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا. اُدھر گھروالوں کو جیسے ہی حادثے کا پتہ چلا، وہ اسپتال کی طرف دوڑنے لگے، اسپتال میں بچوں کی حالت دیکھ کر اُن کے گھروالوں کی چینخ وپکار سے اسپتال میں بھی آہا کار مچ گئی۔
مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق SKMCH اسپتال میں علاج کے لئے بیس سے زائد زخمی بچوں کو داخل کیا گیا ہے. ایس پی وویک کمار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ بچے دوڑ کر سڑک پار کر رہے تھے اُسی دوران یہ حادثہ پیش آیا. مقامی ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نشہ کی حالت ڈرائیونگ کررہا تھا اور اس نے تیز رفتاری کے ساتھ 16 سے 17 بچوں کو کچل دیا.ایم ایل اے کے مطابق زخمی بچوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے کے لئے گاڑی کا بھی انتظام نہیں کیا گیا تھا، اس بنا پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ اسکول سے چھٹی ہونے کے بعد بچے روڈ کراس کررہے تھے، ٹھیک اُسی وقت ایک تیز رفتار بولیرو نے بچوں کو بری طرح کچل دیا۔ اُس کے بعد بھی بولیرو رُکی نہیں اور آگے تک کچلتے ہوئے چلی گئی۔حادثے کے فوری بعد کثیر تعداد میں مقامی لوگ مینا پور کے دھرمپور یونیورسٹی میں جمع ہوگئے۔ وہیں زخمیوں کو SKMCH مظفرپور میں بھرتی کرایا گیا ہے، جہاں سات لوگوں کی حالت کافی نازک بتائی گئی ہے۔
واقعے کے بعد، بچوں کے والدین میں کافی اشتعال پایا جارہا ہے ، بتایا جا رہا ہے کہ مقامی لوگ حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ پر سخت مشتعل ہیں، البتہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سامنے آئے ہوئے بیان کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ حادثہ کے لئے اسکول انتظامیہ کی لاپروائی ذمہ دار ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اسکول ٹیچرس بچوں کو سڑک پارکراتے تھے، مگر آج جب حادثہ پیش آیا تو بچے خود ہی سڑک پر دوڑ کر روڈ کو پار کررہے تھے، جس کے دوران حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد، وزیر اعلی نتیش کمار نے چیف سکریٹری سے بات چیت کرکے حادثے کے تعلق سے جانکاری لی ہے، انہوں نے زخمی بچوں کے مناسب علاج کا حکم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے حادثے کی جانچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیرتعلیم کرشنا نند ورما نےبتایا کہ اس حادثہ سے ہمیں سخت تکلیف پہنچی ہے ، زخمیوں کے مناسب علاج کے لئے انتظامات کئے جائیں گے. مزید کہا کہ پورے معاملہ کی جانچ کرائی جائے گی اور حادثہ کیسے اور کس کی لاپرواہی سے پیش آیا، اُس کی چھان بین کی جائے گی۔ انہوں نے اس واقعے کو بے حد دردناک ہے اور سخت تکلیف پہنچانے والا قرار دیا۔
بہار حکومت نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مارے گئے بچوں کے خاندانوں کو چار۔ چار لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔